خادم حسین رضوی کی زندگی کا مقصدناموس رسالتﷺ کا تحفظ تھا

285

سکھر (نمائندہ جسارت) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی جیسی عظیم شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ علامہ خادم حسین رضوی کا اچانک انتقال ملت اسلامیہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے لیے آنے والے علماء کرام، مذہبی رہنمائوں، تاجروں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شرکاء نے علامہ خادم حسین رضوی کو اسلام پاکستان، تحفظ ناموس رسالت، عقیدہ ختم نبوت کے لیے اعلیٰ خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ علامہ خادم حسین رضوی نے ناموس رسالت کے تحفظ کو ہی اپنی زندگی کا مشن بناکر رکھا تھا۔ انہوں نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کی عظمت رفتہ بلند اور بحال کرنے کی بات کی۔ علامہ خادم حسین رضوی نے تحفظ ناموس رسالت کے عہد کو آخری دم تک نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی نے پورے عالم اسلام کو دین کی فکر دی۔ امام الانبیاء خاتم النبین رحمت عالمؐ سے عشق و محبت کے جذبوں کو بیدار رکھنے کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ اس موقع پر علامہ خادم حسین رضوی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔