لسبیلہ، ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز

263

لسبیلہ (نمائندہ جسارت) ایس ایچ او بیلہ نے شہر میں کم عمر بچوں اور ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا، شہر میں داخل ہونے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ ایس ایس پی لسبیلہ پرویز خان عمرانی اور اے ایس پی اوتھل بیلہ سرکل صدام حسین خاصخیلی کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او بیلہ محمد اسحاق رونجھو نے پولیس پارٹی کے ایس آئی محمد انور جاموٹ، اے ایس آئی غلام اکبر، حوالدار اکرم شیخ، کانسٹیبل انور امین رونجھو، قادر بلوچ اور پرویز احمد کے ہمراہ علی پنکھا کے نزدیک ناکہ لگا کر بیلہ شہر میں آنے جانے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کی تلاشی لی اور گاڑیوں کے کاغذات چیک کیے بغیر سلینسر اور ون ویلنگ کرنے والوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اگر ون ویلنگ کی یا پھٹے ہوئے سلینسر کے ساتھ موٹر سائیکل چلائی تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ایس ایچ او بیلہ محمد اسحاق رونجھو نے لسبیلہ کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بیلہ کے پُر امن ماحول میں کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون سب کے لیے برابر ہے، اگر کسی نے قانون کی خلاف وزری کی تو اس کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایچ او بیلہ محمد اسحاق رونجھو نے کہا کہ بیلہ میرا اپنا گھر ہے، ہم اپنے گھر میں غیر قانونی سرگرمیاں کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز موٹر سائیکل کی تیز رفتاری کے باعث حادثات ہوتے رہتے ہیں جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ بیلہ کے شہری اپنے کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل چلانے نہ دیں۔