اقلیتوں کے حوالے سے پروپیگنڈہ کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی

613

لسبیلہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر اقلیتی امور رکن صوبائی دھنیش کمار پلیانی نے کہاہے کہ بلوچستان کی ہندو برادری نے جس آزادانہ انداز میں دیوالی کی تقریبات جوش وخروش سے منائی بلوچستان بھر میں ایسے عناصر کے منہ پر طمانچہ ہے جو کہتے ہیں کہ پاکستان کی اقلیتی برادری اپنی عبادات اور تہوار منا نے میں آزاد نہیں ہیں، پاک دھرتی امن کی دھرتی ہے، جہاں پر تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو مکمل آزادی ہے جس کی واضح مثال حال ہی میں ہندو برادری کی جانب سے دیوالی نہایت خوشی سے منائی جس سے رہتی دنیا کو یہ واضح پیغام ملا کہ اقلیتی برادری کو یہاں پر مکمل آزادی حاصل ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیر آباد کے صحافیوں سے چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مشکور ہیں مسلم عوام کا جنہوں نے ہمارے مذہبی تہوار دیوالی میں شرکت کرکے ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیایہ ملک ہم سب کا ہے اسی لیے یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے مذہبی تہواروں میں شریک ہوکر امن کے پیغام کو مزید وسعت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان پاکستان دشمن عناصر کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان اقلیتی برادری کے لیے ایک پرامن ملک ہیں اسی لیے اپنی ناکام سازشوں سے بعض آجاؤ تم لوگ کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔