مستحق طبقے کو ریلیف کیلیے تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں، ثانیہ نشتر

177

پشاور (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و معاشرتی تحفظ ڈویژن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ حکومت پسماندہ اور مستحق طبقے کواحساس پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کرنے کیلیے تمام وسائل مؤثر پیمانے پر بروئے کار لارہی ہے، احساس پروگرام کے تحت طلبہ کو مکمل اسکالر شپ بھی دی جارہی ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ریاست مدینہ کے وعدے کو عملی جامہ پہنائیںگے۔ ہفتے کے روز سکندر ٹائون پشاور میں قومی سماجی و معاشی سروے کے عمل کی نگرانی کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہپاکستان میں پہلی مرتبہ جدید طرز پر مستحق خاندانوں کا تعین اور ان کا ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے تاکہ غیر مستحق افراد کسی مستحق خاندان کا استحصال نہ کرسکے، ، عوام احساس پروگرام ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے مستحق افراد کو ریلیف پہنچانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قومی سماجی و معاشی سروے کا آغاز امسال ستمبر میں ہوا تھا جو اپریل 2021ء میں پایۂ تکمیل تک پہنچ جائیگا۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق غریب گھرانوں کیلیے احساس پروگرام کی چھتری تلے بہت سے پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے۔