صدر مملکت کی کورونا کیسز میں کمی آنے تک جلسے مؤخر کرنے کی اپیل

181

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں تحریک انصاف اور اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے جلسوں کو اتنی دیر تک مؤخر کردیں جتنی دیر تک کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اس میں کمی کا سلسلہ شروع نہیں ہوجاتا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی تنائو کی صورتحال میں کمی کیلیے اپوزیشن کو بھی حکومت کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے، یہ جو کیفیت ہے کہ حکومت کے ساتھ نہیں عسکری قوتوں کے ساتھ بات کریں گے مناسب کیفیت نہیں اور ایسا جمہوریت میں ہونا نہیں چاہیے، اپوزیشن نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جو محاذ آرائی شروع کی ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے بھی ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف ووٹنگ کی بات حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد سازی کا اقدام ہوسکتا ہے کہ جس کے اندر ہم اس بات کو یقینی بنالیں کہ 2023ء میں منصفانہ انتخابات ہوں گے۔