جنگی اور ایٹمی جہازوں کے پاکستانی حدود میں داخلے کیلیے پیشگی اجازت لازمی قرار

255

 

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آئی این پی) وفاقی حکومت نے سمندری حدود میں ملکی سیکورٹی اور سالمیت سے متعلق ‘میری ٹائم زونز ایکٹ 2020’ء کی منظوری دے دی۔ دستاویز کے مطابق میری ٹائم زونز ایکٹ 2020ء کے تحت غیر ملکی جنگی اور ایٹمی بحری جہازوں کے پاکستانی حدود میں داخلے کے لیے پیشگی اجازت لازم قرار دی گئی ہے اور آئندہ سے غیر ملکی سب میرینز اور دیگر واٹر وہیکلز کا داخلہ بھی وفاقی حکومت کی پیشگی
اجازت سے ہوگا۔ نئے ایکٹ کے مطابق پاکستانی حدود میں پاکستان کے دفاع سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے اور اسلحے کے استعمال پر بھی کارروائی ہوگی‘ اس کے علاوہ کرنسی، افراد کی لوڈنگ، ان لوڈنگ، ریسرچ اور سروے پر بھی پابندی عاید کردی گئی ہے۔ خلاف ورزی کے مرتکب بحری جہازکو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کی جائے گی اور میری ٹائم زونز ایکٹ 2020ء کی خلاف ورزی پر5 سال قید اور بھاری جرمانہ ہوگا۔ دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سمندری حدود کا تعین کیا جائے گا اور ساحل کے اطراف موجود پانی کو پاکستان کاداخلی پانی قرار دیا جائے گا۔