یمن قحط کے دہانے پر پہنچ گیا ،اقوام متحدہ کا انتباہ

384

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ جنگ زدہ عرب ملک یمن بدترین قحط کے شدید خطرات سے دو چار ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے ایک بیان میں کہا ہیکہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو لاکھوں انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں سے اس تباہی کو روکنے کا مطالبہ کیا اور گزارش کی کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہو، کیوں کہ امدادی کارکنوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے حوثی باغیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے تو وہ انہیں امدادی سامان یمن تک پہنچانے سے روک سکتے ہیں۔ دوسری جانب اس جنگ زدہ ملک میں تشدد کا سلسلہ نہیں رک رہا۔ عرب اتحاد نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا ایک بمبار ڈرون تباہ کر کے سعودی عرب پر حملے کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں آبادی پرحملے کے لیے ایک بمبار ڈرون بھیجا تھا، تاہم عرب اتحاد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے مار گرایا۔ ترجمان نے حوثی باغیوں کی طرف سے ڈرون حملے کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرا دیتے ہوئے عالمی اداروں سے حوثیوں کی دہشت گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔