جرمنی: کورونا مریضوں کو قتل کرنے پر ڈاکٹر سے پوچھ تاچھ

114

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں ایک ڈاکٹر سے کورونا وبا کے 2 مریضوں کو قتل کرنے کے واقعے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مغربی شہر ایسن میں ایک سینئر ڈاکٹر نے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کورونا کے 2 مریض جن کی عمریں47 اور 50 سال تھیں، کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ پولیس حکام کاک ہنا ہے کہ 44 سالہ ڈاکٹر گزشتہ فروری سے ایسن یونیورسٹی اسپتال میں کام کر رہا ہے اور اس پر شبہ ہے کہ وہ 47 اور 50 سال کے 2 مریضوں کو قتل کرنے میں ملوث ہے۔ بیماری کی وجہ سے ان کی حالت خراب ہونے کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر نے انہیں شدید بیماری کی تکلیف سے نجات دلانے کے لیے موت کی نیند سلا دیا تھا۔ الزامات کے بعد ڈاکٹر کو گزشتہ روز گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس نے دوران تفتیش 2 مریضوں کے قتل میں سے ایک کا اعتراف کیا اور کہا کہ وہ مریض اور اس کے اہل خانہ کو مزید تکلیف سے نجات دلانا چاہتے تھے۔ جرمن روزنامہ بلڈ کے مطابق ڈاکٹر نے موت کا انجکشن لگانے سے قبل اہل خانہ کو آگاہ کیا تھا۔