رونالڈو کو نہ کھلانے پر ایونٹ انتظامیہ پرجرمانہ عائد

128

سیئول(جسارت نیوز)جنوبی کوریا کی مقامی عدالت نے دنیائے فٹبال کے مایہ ناز اسٹار کرسٹیانو رونالڈ کو نہ کھیلانے پر ایونٹ انتظامیہ کو شائقین کو ہرجانے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ سال جولائی میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں اٹلی کے فٹبال کلب اور کورین فٹبال لیگ کی ٹیم کے درمیان نمائشی میچ ہوا تھا اور یہ مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔انتظامیہ نے اس میچ کیلیے کرسٹیانو رونالڈو کی شرکت کی بھی تشہیر کی تھی اور اس میچ کو دیکھنے کیلئے 65 ہزار شائقین گراؤنڈ میں موجود تھے جبکہ مہنگے ٹکٹس ہونے کے باوجود 3 منٹ میں تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے تھے۔میچ کے ٹکٹس کی قیمت 30 ہزار کوریائی وان (4300 پاکستانی روپوں) سے لیکر 4 لاکھ کوریائی وان (58 ہزار پاکستانی روپوں) کے برابر تھی۔اس میچ میں کرسٹیانو رونالڈو بھی اٹلی کے کلب کی جانب سے گراؤنڈ میں موجود تھے تاہم انہیں تشہیر کے باوجود میچ میں نہیں کھلایا گیا جس پر مداحوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا اور 162 مداح عدالت پہنچ گئے تھے۔سیئول کی سینٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے انتظامیہ کو میچ ٹکٹس کی آدھی رقم ریفنڈ کرنے اور 50 ہزار کوریائی وان (تقریباً 7200پاکستانی روپے) ہرجانے کے طور پر دینے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے حکم میں کہا کہ رونالڈو کی میچ میں کھیلنے کی امید کرنے والے شائقین کو جذباتی طور پر تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔