حادثات و واقعات میں 55 سالہ خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق

232

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں حادثات واقعات میں خاتون سمیت 9افراد جاںبحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کی حدود میمن گوٹھ اولڈ تھانہ کے قریب گھر میں ایک شخص نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ متوفی کی شناخت 28 سالہ جمیل ولد صدیق کے نام سے ہوئی ہے ، متوفی کئی ماہ سے بیروگار تھا اورذہنی طور پر پریشان تھا ۔اسٹیل ٹائون کے علاقے میں گلشن حدید موڑ پر تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی شناخت 17سالہ نوید ولد وحید کے نام سے کی گئی جوکہ گلشن حدید کا رہائشی تھا ۔کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے گودام چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار خاتون اور مرد زخمی ہوگئے ، جن کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مرد جاں بحق ہوگیا ، اسپتال میں متوفی کی شناخت 26 سالہ نعمان ولد اقبال اور زخمی خاتون 24 سالہ صائمہ دختر محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ٹیپو سلطان کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، جسے طبی امداد کے لیے ایمبولنس کے زریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر دوران علاج دم توڑ دیا ، اسپتال میں متوفی کی شناخت 25 سالہ مٹھل ولد حسن کے نام سے ہوئی ، ۔ ڈرگ روڈ ریلوے چوکی کی حدود ملیر 15 ریلوے پلہ کے قریب ٹرین کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، چوکی انچارج اسد خان نے بتایا ہے کہ 55 سالہ متوفی سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش تلاش ورثاء سردخانے میں رکھوادی ہے۔گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے مین گیٹ کے سامنے سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جاں بحق 55 سالہ متوفیہ سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ، پولیس کارروائی کے بعد لاش سرخانے میں رکھوادی۔لیاقت آباد کے علاقے غریب آباد انڈر بائی پاس میں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 65 سالہ یوسف مسیح ولد مراد مسیح ہلاک ہوگیا۔ملیر ہالٹ کے علاقے میں ٹرین کی زد میں آکر35سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ، ۔سائٹ اے کے علاقے بنوریہ ٹاؤن کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 27 سالہ یاسین ولد اکبر جاں بحق ہوگیا ، پولیس کے مطابق متوفی بلدیہ رئیس گوٹھ کو رہائشی تھا۔