باغ کورنگی نالے کی فوری صفائی کا مطالبہ

148

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان نے باغ کورنگی کی مرکزی شاہراہ پر برساتی نالے کا پانی جمع ہونے اور ایک کلو میٹر تک روڈ پر گندے پانی کے باعث سڑک کی تباہ حالی پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ برساتی نالوں سے ناجائز کنکشن کا خاتمہ اور سڑکوں کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے کراچی کی نئی تعمیر شدہ شاہراہوں کے ساتھ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے برساتی نالے تعمیر کیے تا کہ بارش کا پانی سڑکوں پر جمع نہ ہو سکے لیکن بعد میں انتظامیہ کی کوتاہی کی وجہ سے ان برساتی نالوں میں لوگوں نے ناجائز کنکشن کردیے ہیں اور گھروں کے ساتھ ساتھ فیکٹریوں کے بھی کنکشن ہوگئے ہیں۔جس کی وجہ سے نالے اوور ہو گئے ہیں اور فیکٹریوں اور ڈائنگ کا زہریلا کیمیکل زدہ گندہ پانی جمع ہے اور یہ ہی صورتحال بلال چورنگی ویٹا چورنگی اور شان چورنگی تک ہے اور مرکزی شاہراہیں تباہ اور برباد ہو رہی ہیں۔عبدالجمیل خان نے ڈپٹی کمشنر کورنگی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر برساتی نالوں سے ناجائز کنکشن کا خاتمہ کرائیں اور کورنگی لانڈھی کی سڑکوں کو تباہ حالی سے بچایا جائے۔