اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ شہریوں کے مفاد میں کیا ،افتخار شالوانی

102

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ملٹی نیشنل کمپنیاں، ادارے اور سول سوسائٹی انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ اس مہلک وبا سے شہریوں کی قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے، کراچی کے 4 اضلاع میں اسمارٹ اور 2 میں مائیکرو لاک ڈائون کا فیصلہ بھی شہریوں کے بہتر مفاد میں کیا گیا ہے۔ اگر وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہوا تو کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈائون کیا جائے گا اور بعض علاقوں کو مکمل طور پر بند بھی کیا جاسکتا ہے۔بند مقامات جن میں شادی ہالز، آڈیٹوریم اور ریسٹورنٹس شامل ہیں ان میں کسی بھی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز کمشنر آفس میں سیلولر فون کمپنی کی جانب سے کووڈ19 سے بچائو کے حفاظتی سامان عطیہ کیے جانے کے موقع پر کہی۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ کووڈ19 ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی بنیادی وجہ شہریوں کی بے احتیاطی، ماسک کا عدم استعمال، سماجی فاصلے کا برقرار نہ رکھنا اور مسلسل تقریبات کا انعقاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں ، شاپنگ سینٹرز، شاپنگ مالز میں شہریوں کا بغیر کسی احتیاطی تدابیر کے خریداری کے لیے جانا کورونا وائرس کے پھیلنے کا سبب بن رہا ہے جس کو روکنے کے لیے سخت انتظامات کی ضرورت ہے۔