وزیر اعظم کی زیادتی کے مجرموں کو نشانِ عبرت بنانے کے لیے آرڈیننس تین روز میں نافذ کرنے کی ہدایت

470

اسلام آباد (نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں)وزیر اعظم کی زیادتی کے مجرموں کو نشانِ عبرت بنانے کے لیے آرڈیننس تین روز میں نافذ کرنے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے آرڈیننس لانے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملہ کو مزید نہ لٹکایا جائے اور اس کو اگلے تین سے چار روز میں نافذ کیا جائے۔ہفتہ کے روز وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر بیرسٹر محمد فروغ نسیم، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور بیرسٹر علی ظفر نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس معاملہ پر قانون سازی کے لیے وزیر اعظم نے مزید وقت دینے سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ ٹریک مقدمات کے ذریعہ انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والے مجرموںکے خلاف سخت قانون لایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسا
قانون لایا جائے کہ متاثرہ خواتین اور بچے بلاخوف وخطر اپنی شکایات درج کر اسکیں اور قانون میں متاثرہ خواتین اور بچوں کی پرائیویسی کا خاص خیال رکھا جائے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم اپنے معاشرے کو محفوظ ماحول دینا چاہتے ہیں ۔وزیر اعظم کو زیادتی کے کیسز میں گواہوں کے تحفظ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ زیادتی کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے اور سنگین نوعیت کے معاملات پر ایک لمحہ کی تاخیر بھی نقصان دہ ہیوزیراعظم عمران خان نے زیادتی کے مجرمان کو سزا اور گواہوں کے تحفظ کے طریقے کار کے حوالے سے بھی وزیر قانون سے دریافت کیا جس پر وزیراعظم عمران خان کو اس قانون کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی جس کے بعد وزیراعظم نے اس آرڈیننس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہو ئے مزید وقت دینے سے انکار کر دیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ زیادتی کی روک تھا ک کے لئے ضروری اقدام کیے جائے اور فاسٹ ٹریک کے ذریعے انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنا ئی pجائے ۔ سنگین نوعیت کے معاملے پر ایک لمحے کی تاخیر بھی نقصان دہ ہے ۔دن رات جو بھی کرنا پڑھے کریں لیکن معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں ۔زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کا آرڈیننس آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش ہونے کا قوی امکان ہے۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے کراچی میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی تعمیر کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کینسر اسپتال ملک کا سب سے بڑا مرکز شفا ہو گا۔ ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کراچی میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ یہ دیکھ کر ان کا دل اس احساسِ عظیم سے سرشار ہے کہ یہ کینسر اسپتال پاکستان کا سب سے بڑا مرکزِ شفا ہوگا جو طب و علاج کے جدید ترین سازوسامان سے آراستہ ہو گا۔قبل ازیںوزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم رہنما ملک میں سخت لاک ڈائون کے خواہشمند تھے۔ہفتہ کے روز وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں اپوزیشن کے جلسوں کو عوامی صحت سے کھلواڑقرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ عوامی صحت کے ساتھ خطرناک سیاست کررہے ہیں ،پی ڈی ایم کے رہنما وہی ہیں جو سخت لاک ڈائون چاہتے تھے، یہ پہلے مجھ پر تنقید کررہے تھے، یہ لوگوں کی عوامی صحت کے ساتھ خطرناک سیاست کررہے ہیں،یہ کورونا سے متعلق عدالتی فیصلے کی حکم عدولی کررہے ہیں،یہ اس وقت جلسے کررہے ہیں جب کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔