کورونا وائرس: نسل، مذہب اور زبان سے بالاتر ہوکر تعاون کرناہوگا، اردوان

398

صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے ہمیں زبان، نسل، مذہب اور علاقائی سوچ سے بالا تر ہو کر باہمی تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی جی 20 سربراہ کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ میں اپنے عوام اور اپنی طرف سے آپ تمام لوگوں کو تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں

بدقسمتی سے ہمیں جی 20 سربراہ کانفرنس کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن منعقد کرنی پڑ رہی ہے

ترک صدر اردوان نے کہا کہ یہ وبا گزشتہ صدی میں صحت عامہ کے لئے بدترین بحران کا باعث بنی۔ اس وبا سے تجارت اور معیشت پر بدترین اثرات مرتب ہوئے۔ تعلیم سے لے کر انسانی معاملات تک اس سے متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس وبا نے ایک بار پھر ہمیں یاد دہانی کروائی ہے کہ ہمیں مذہب، زبان، علاقہ اور نسل سے بالا تر ہو کر ایک انسانی خاندان کی طرح رہنا ہو گا۔ اپنے شہریوں کی ضروریات پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ترکی نے 156 ممالک اور 9 بین الاقوامی اداروں کو مدد فراہم کی تاکہ ہمارے بھائی اور دوست اس عالمی وبا سے لڑ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں عالمی وبا نے دنیا کی بڑی معیشتوں جی 20 ممالک کی ذمہ داریوں اور اہمیت کو بڑھا دیا ہے۔ ریاض کانفرنس میں کئے گئے فیصلے عالمی وبا کے منفی اثرات کو نہ صرف کم کریں گے بلکہ جی 20 سے وابستہ توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔

صدر اردوان نے کہا کہ جی 20 سربراہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب  عالمی بحرانوں میں عالمی تعاون کی اہمیت واضح ہو گئی ہے اس سے پوری انسانیت اور ممالک کو ایک اچھا مستقبل ملے گا۔ عالمی وبا کے باوجود جی 20 سربراہ اجلاس بلانے پر میں سعودی حکومت کا شکر گزار ہوں

خاص طور پر اپنے بھائی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔