روس نے لیبائی ملیشیا کو بلیک لسٹ کرنے سے اقوام متحدہ کو روک دیا

454

روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی کو لیبیا کے ملیشیا گروپ ‘الکنیات’ اور اس کے رہنما کو انسانی حقوق کی پامالیوں کے نتیجے میں بلیک لسٹ کرنے سے روک دیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس نے اقوام متحدہ کو لیبیائی ملیشیا الکنیات کو بلیک لسٹ کرنے سے یہ کہہ کر روک دیا کہ ملیشیا کے شہریوں کو قتل کرنے کے حوالے سے شواہد ناکافی ہیں۔

امریکہ اور جرمنی نے اقوام متحدہ کی 15 رکنی لیبیا پابندیوں کی کمیٹی کو تجویز پیش کی تھی کہ ملیشیا الکنیات اور اس کے رہنما محمد الکانی کے اثاثے منجمد اور اُس پر سفری پابندی عائد کرے تاہم روس نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اُسے ملیشیا کے عام شہریوں کو قتل کرنے کے حوالے سے واضح ثبوت درکار ہیں۔

اقوام متحدہ میں روسی سفارتکار کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے کے حوالے سے مستقبل میں ہماری حمایت ممکن ہے تاہم یہ حمایت شہری آبادی کے قتل میں اُن کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت کی فراہمی سے مشروط ہے۔