کراچی کے مختلف اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

807

کراچی : کورونا وائرس کی عالمی وبا کی دوسری لہر کے سبب کراچی کے مختلف اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع غربی، وسطی ، جنوبی اور کورنگی میں مائیکرولاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جہاں پر غیر ضروری گھر سے نکلنے پر پابندی عائد ہوگی۔

ضلع غربی کے 2 اورگڈاپ کے علاقوں میں مائیکرولاک ڈاؤن  لگایا ہے، جس کا اطلاق5دسمبر تک ہوگا، اسی طرح سرجانی حسین گوٹھ،گلشن معمار سمیت دیگر علاقوں  میں بھی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے،مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ رات 12 سے شام 7 بجے تک ہوگا۔

جبکہ  ضلع وسطی کے 26 علاقوں میں 14 روزکیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے  ڈپٹی کمشنروسطی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، عزیزآباد،علی آباد،کریم آباد،یاسین آباد، دستگیر،ناظم آباد، نارتھ کراچی،مسلم ٹاؤن،فردوس کالونی، اصغرعلی شاہ اسٹیڈیم اور شادمان ٹاؤن کے علاقے سیل ہوں گے۔

ضلع جنوبی میں بھی مائیکرو لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد سول لائنزکے پوش علاقوں میں عام لوگوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔

خیال رہے کہ  گذشتہ روز ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں ضلع جنوبی، شرقی، وسطی اور غربی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا تھا،مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن میں محکمہ صحت کی سفارش پر مخصوص گلیاں، علاقے یا محلے سیل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا۔