افغانستان کی تعمیر و ترقی میں مدد کیلیے تیار ہیں، صدر مملکت

107

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کی تعمیر نو میں مدد کیلیے تیار ہے۔ جنیوا میں افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے متعلق اعلیٰ سطحی مشاورتی کانفرنس سے ورچوئل خطاب میں انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کے لیے افغانستان میں جاری ترقیاتی منصوبے اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان گزشتہ 40 برس سے اپنیسرزمین پر بڑی تعداد میں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے اور افغانستان کی تعمیر نو کیلیے انہیں ہنر سکھا نے کیلیے بھی مدد دے سکتا ہے۔ صدر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ 2 یا 3 نسلوں سے پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزین تجارتی ادراک سمیت مختلف ہنر سیکھنے کے ساتھ اپنے وطن واپس جاسکیں گے۔ پاکستان افغانستان کی 40 سال کی تباہ کاریوں سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے، افغانستان میں امن کے فوائد سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔پاکستان نے افغانستان کے خوشحال مستقبل اور اس کی ترقی کیلیے ایک ارب ڈالر کے اخراجات کیے جو دونوں ممالک کے لیے مفید ہوگا۔ پاکستان اور افغانستان جیو اقتصادی اور جیو اسٹریٹجک مرکز بن سکتے ہیں جس سے وسطی ایشیا سے براستہ افغانستان تجارتی سامان پاکستان آسکے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر )کے موجودہ سربراہ فلپو گرینڈی اور سابقہ سربراہ انتونیو گوئترس کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کی بحالی کیلیے یو این ایچ سی آر کے کام کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے امن عمل کی بحالی کیلیے اہم کردار ادا کیا ہے جو ایک انتہائی اہم اور سنہری دور ہے، افغانستان میں امن و سلامتی کیلیے خوشحالی کی شکل میں مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
صدر مملکت