اسرائیل امریکا اور بھارت دہشت گرد ممالک ہیں،ناصر محمود سومرو

81

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقد ہونے والی شہید اسلام کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے جے یو آئی رہنماؤں مولانا ناصر خالد محمود سومرو اور محبت علی کھوڑو نے ضلع کے مختلف علاقوں کے دورے کیے۔ اس موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ناصر خالد محمود سومرو نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی سب سے بڑی دہشت گردی ہے جو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ نئی نسل کو عقیدہ توحید اور ختم نبوت سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی پی رہنما الطاف جسکانی سندھ کا غیرت مند بہادر بیٹا تھا، جس کو ایک سازش کے تحت قتل کیا گیا، جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ الطاف جسکانی کا قتل سندھی قوم کو ایک پیغام اور للکار ہے، آج مٹھی بھر دہشت گرد پُرامن ترقی سندھ دھرتی کے درپے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نااہل حکومت سے تنگ آچکے، معاشی بدحالی مزید بڑھ گئی ہے۔ دھاندلی کی پیداوار حکومت میں آکر الیکشن اصلاحات کی بات کرتے ہیں، جو عوام کے ساتھ کھلا مذاق اور ان کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہے۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، وہ نہ صرف ملک کو کمزور اور معاشی طور پر برباد کررہے بلکہ ملک توڑنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکا اور انڈیا بنیادی طور پر دہشت گرد ملک ہیں، جنہوں نے بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ شہدائے اسلام کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان کو جمہوری اور اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔