نواز شریف کی جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی ہے، چودھری سجاد

87

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری چودھری سجاد احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگی کارکنوں کا بیانیہ نواز شریف زندہ باد ہے اور زندگی بھر اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شاہ محمد شاہ کا ہدف نوازشریف کا نعرہ لگانے والے کارکن ہیں۔ وہ میرپورخاص ڈویژن کے ورکرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جدوجہد ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد ہے اور اس جدوجہد کے لیے انگنت قربانیاں دینے کا سلسلہ جاری ہے تو ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ مسلم لیگ میں غیر آئینی اقدام کو قبول کیا جائے اور اس بیانیے کی روشنی میں حال ہی میں مسلم لیگ میں شامل ہونے والے کو ڈویژن کا صدر اور کراچی میں پرائمری اسکول ماسٹر کو میرپور خاص ڈویژن کا جنرل سیکرٹری مقرر کرنے کو غیر قانونی و غیر آئینی اقدام تصور کرتے ہوئے یکسر مسترد کرتے ہیں اور اس کے لیے باقاعدہ جمہوری جدوجہد کی جائے گی۔ اس موقع پر صوبائی رہنما آصف معراجِ راجپوت نے کہا ہے کہ نواز شریف کے مخلص کارکنوں کو نواز شریف کا نعرہ لگانے کی سزا دی جارہی ہے۔ سابق جنرل سیکرٹری زاہد قائم خانی نے کہا کہ مشرف دور میں مسلم لیگ چھوڑ کر بھاگ جانے والے شاہ محمد شاہ نے مشرف آمریت کا مقابلہ کرنے والے کارکنوں کو کراچی تا کشمور للکارا ہے اور جس طرح مشرف کے غیر آئینی اقدامات کیخلاف آواز اٹھائی تھی ایسے ہی شاہ محمد شاہ کی تعصبانہ لسانی سوچ کیخلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 21 نومبر کو سندھ بھر کے تمام اضلاع کے عہدیداروں، کارکنوں کا نمائندہ اجلاس نوشہرو فیروز میں منعقد ہوگا، جس میں شاہ محمد شاہ کی تعصبانہ سوچ ی خلاف حکمت عملی کا تعین کیا جائے گا۔