مریدین اولیاء کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں، زین قریشی

368

پنگریو (نمائندہ جسارت) سندھ کے معروف روحانی بزرگ اولیاء خان شاہ کے سالانہ عرس اور میلے کی تین روزہ تقریبات پنگریو کے قریب واقع ان کی درگاہ پرشروع۔ عرس کی تقریبات کا افتتاح غوثیہ جماعت کے روحانی پیشوا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے فنانس مخدوم زین حسین قریشی نے درگاہ خان شاہ کے سجادہ نشین پیر نصیر محمد شاہ کے ہمراہ درگاہ پر چادر چڑھا کر کیا۔ اس موقع پر منعقدہ مذہبی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم زین حسین قریشی نے غوثیہ جماعت کے وابستگان پر زور دیا کہ وہ اولیاء کرام کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں اور شرعی احکامات کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ غوثیہ جماعت دین کی ترویج اور سربلندی کے لیے کوشاں ہے۔ درگاہ بہاء الدین زکریا ملتانی کے خلیفوں، معتقدین اور مریدین نے برصغیر کے کونے کونے میں دین اسلام کا پرچار کیا اور لاکھوں غیر مسلموں کو مسلمان کیا۔ غوثیہ جماعت محبت، امن اور بھائی چارے کے فروغ کی جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے بیس سال قبل ان کے والد اور غوثیہ جماعت کے سربراہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ضلع بدین کا روحانی دورہ کیا تھا تو انہیں جس طرح کی والہانہ محبت سے نوازا گیا غوثیہ جماعت کے کارکنوں نے ویسی ہی محبت مجھے دی ہے، جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔