کھپرو، مرغی 400، مٹر 320، ٹماٹر 240، آٹا 62 روپے فی کلو فروخت

135

کھپرو (نمائندہ جسارت) مہنگائی کا جن بے قابو، مرغی 400، مٹر 320، ٹماٹر 240، آٹا 62 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا، چینی، گھی بھی مہنگا، اسسٹنٹ کمشنر کھپرو اور مختارکار اپنے آفس سے نکلنے کی زحمت گوارہ نہیں کرتے، عوامی حلقے۔ کھپرو میں مہنگائی کا طوفان آگیا، کھپرو کے تاجروں نے مصنوعی مہنگائی کا رونا رو کر ہر چیز کے نرخ بڑھا دیے، جس میں چکن 280 سے بڑھکر 400، بڑے کا گوشت 400 سے 500، گھی 170 سے 220، پکوان آئل 160 سے 210، مٹر 320، ٹماٹر 240، بکرے کا گوشت 1100، آٹا 62 روپے، بھنڈی 200، لوکی 160، لال مرچ 400 کلو، دالیں اور دیگر سامان بھی مہنگا ہوگیا، جس کی وجہ سے پانچ سو روپے اجرت کمانے والے مزدور کی زندگی اجیرن بن گئی، جس پر اختر جٹ، محمد علی راجپوت نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر کھپرو سجاد ابڑو اور مختارکار عمر میمن نے شہریوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کھپرو کے تحت کام کرنے والے مارکیٹ کمیٹی کے ملازم شہر میں بھتا خوری کررہے ہیں اور اس کی وجہ سے انہیں کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے کہ جیسے چاہیں شہریوں کو لوٹیں۔ شہریوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت، کمشنر نوابشاہ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ کھپرو میں ہونے والی مہنگائی پر قابو پایا جائے اور منافع خوروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔