میرپور خاص، گیس پریشر میں کمی کیخلاف شہریوں کا احتجاج

93

 

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) سوئی گیس کی عدم فراہمی سے شہری پریشان، خواتین صبح کا ناشتہ، دوپہر کا کھانا بنانے سے محروم، بچے اسکولوں اور مرد حضرات دفاتر بھوکے جانے پر مجبور، منافع خوروں نے ایل پی جی گیس کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا۔ موسم سرما شروع ہوتے ہیں میرپور خاص میں سوئی گیس کی سپلائی معطل یا کم پریشر سے شہری شدید اذیت کا شکار ہونے لگے، خواتین اسکول جانے والے بچوں کے لیے ناشتہ بنانے سے بھی قاصر، بچے اسکولوں کو اور بڑے اپنے کام کاج اور دفاتر بھوکے پیٹ جانے پر مجبور، شہر کے تمام علاقوں کی صورتحال ایک جیسی نظر آرہی ہے، شہر کا وسطی علاقہ ڈھولن آباد، ٹور آباد، اقبال نگر ہو یا رنگ روڈ پر واقع ہاشم نگر تمام علاقے سوئی گیس کی سپلائی سے آئے روز محروم رہنے لگے، جمعہ کے روز صبح سویرے سے ہی سوئی گیس کی فراہمی بند رہی، جس کی وجہ سے لوگ گھروں میں چولہوں پر پانی گرم نہ کرسکے اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل نمازی ٹھنڈے پانی سے غسل اور وضو کرنے پر مجبور ہوگئے۔ گھریلو خواتین آمنہ، کلثوم اور دیگر کا کہنا ہے کہ سردی کا موسم شروع ہوتے ہی چولہوں میں سوئی گیس آنا بند ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے بچے ناشتے کے بغیر اسکولوں کو جاتے ہیں۔ دوسری جانب ہاشم اور ناصر کا کہنا تھا کہ ہم عجیب ملک میں پیدا ہوئے ہیں، گرمیوں میں بجلی سے محروم رہتے ہیں اور سردیوں میں سوئی گیس کی سپلائی سے محروم رہتے ہیں مگر بل بجلی کا ہو یا سوئی گیس کا باقاعدگی سے آتا ہے اور بھاری بھر کم بل آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ہو یا سوئی گیس حکومت آئے روز مہنگی کرتی ہے مگر سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے، جس کی وجہ سے گرمیوں اور سردیوں میں ہمیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سوئی گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے ایل پی جی گیس فروخت کرنے والوں نے بھی ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔