جیکب آباد، فائرنگ سے سینئر صحافی نور لنجوانی جاں بحق

177

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) مسلح افراد کی فائرنگ، سینئر صحافی نور لنجوانی جاں بحق۔ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے تھانہ دلمراد کی حدود میں واقع قصبہ مدد پور کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے باہو کھوسہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نور لنجوانی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ حدود کی پولیس نے مقتول کی لاش سول اسپتال منتقل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ اطلاع پر ایس ایس پی جیکب آباد طارق نوا ز نے جائے وقوعہ پہنچ کر جائزہ لیا۔ رابطے پر ایس ایس پی طارق نواز نے بتایا کہ دو مسلح افراد نے صحافی کو قتل کیا، تفتیش جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی ہے، جلد قاتل قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ دوسری جانب باہو کھوسو کے صحافی کے قتل کی تعلقہ یونین آف جرنلسٹ جیکب آباد کے صدر عبدالرحمن آفریدی، زاہد حسین رند، انجینئر اعجاز میمن، خاوند بخش بھٹی، عبدالغنی کھوسو، آصف بھٹی، یوسف رند، وکی وادھوانی، جیش تلسی اور دیگر نے شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، بصورت دیگر صحافی احتجاج پر مجبور ہوں گے۔