گیس کی مد میں بھی رعایتی پیکج کا اعلان کیا جائے،سلیم الزماں

316

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) سلیم الزماں نے کہاہے کہ برآمدی صنعتوں کے لیے ہفتے میں دو دن گیس کی بندش اور اضافی گیس کے استعمال پر بلارعایت بلنگ ملکی برآمدات کو بری طرح متاثر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے جس طرح بجلی کے اضافی استعمال پر صنعتوں کو مراعات دی گئی ہیں اسی طرح گیس کی مد میں بھی رعایتی پیکج کا اعلان کیا جائے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ کورونا وبا ء کے باعث صنعتی پیدواری عمل متاثر رہا ہے، برآمداتی صنعتوں سمیت تمام صنعتی عمل کو مکمل بحالی کے لیے پیدواری عمل کو مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے میں دو دن گیس کی بندش سے صنعتی پیدوار کا تسلسل اور بحالی شدید متاثر ہوگی۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس بات کو احساس رکھتے ہیں کہ پیدواری لاگت نے ہماری برآمدات اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کی صلاحیت کو کس بری طرح متاثر کیا ہے، اسی بنیاد پر انہوں نے صنعتوں کے لیے بجلی کے رعائتی پیکج دیا اور صنعتکاروں نے اس کا خیر مقدم کیا۔ سلیم الزماں نے کہا کہ صنعتیں پہلے ہی گیس کے کم پریشر اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا کررہی ہیں، ملک کے موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اس فیصلے کو تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ صنعتوں کو بجلی کی طرح گیس کے نرخوں کے سے متعلق بھی مراعاتی پیکج دیا جائے۔