یو این ڈی پی، یو این ایف پی اے اور حکومت بلوچستان کا اشتراک

295

کوئٹہ ( کامرس ڈیسک) اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام ( یو این ڈی پی)، اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ ( یو این ایف پی اے) ، ہیلتھ سروسز اکیڈمی، وزارت صحت و محکمہ صحت حکومت بلوچستان اور صحت کہانی نے بلوچستان میں اپنی نوعیت کے پہلے ٹیلی آئی سی یو منصوبہ کا افتتاح کیا ہے۔ٹیلی آئی سی یو منصوبے سے انتہائی نگہداشت کے اہم ماہرین پورے پاکستان میں سرکاری و نجی آئی سی یو کو ورچوئل مشورے فراہم کر سکیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد ملک بھر میں سرکاری اور نجی آئی سی یو میں کام کرنے والے ہیلتھ کیئر کے ماہر افراد کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ اس وقت جبکہ پاکستان میں صرف محدود تعداد میں انتہائی نگہداشت کے کنسلٹنٹس موجود ہیں۔ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں جہاں صحت کی دیکھ بھال کا نظام ناکافی ہے،اس منصوبے سے مریضوں کی دیکھ بھال میں بہتری آئے گی۔ یہ منصوبہ ایک مساوی اور بہتر معاشرے کی تعمیر اور پاکستانی عوام کی زندگی کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے کی کوشش ہے۔ اس پروگرام کا افتتاح حیات کاکڑ( اسپیشل سیکرٹری محکمہ صحت، حکومت بلوچستان)، ذوالفقار درانی ( ہیڈ آف آفس، یو این ڈی پی سب آفس بلوچستان)، ڈاکٹر رشید احمد (ہیومینیٹیرین پروگرام اینالسٹ یو این ایف پی اے)، فرخندہ اسلم ( آئی ڈی ایس پی کی نمائندہ) اور ڈاکٹر سارا سعید خرم ( شریک بانی، صحت کہانی) نے کیا۔