پیاز کی برآمد پر پابندی ختم کی جائے، سندھ حکومت

168

کراچی (آن لائن) سندھ حکومت نے وفاق سے پیاز کی بیرون ملک بر آمد پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق پیاز کی برآمد پر پابندی ختم کرے اور درآمد پر عارضی پابندی لگائے۔ صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ پیاز کی پیداوار سندھ میں ہے، وفاق ایکسپورٹ سے فورن پابندی ہٹائے اور درآمد پر لگائے، سندھ میں اس سال بمپر کر اپ متوقع ہے، سندھ میں 56 ہزار ہیکڑرز پر پیاز کاشت کی گئی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سال سندھ میں 7 لاکھ 60 ہزار ٹن پیاز کی پیداوار متوقع ہے، صوبے کی کھپت 5 لاکھ 63 ہزار ٹن ہے، سندھ میں ایک لاکھ 97 ہزار ٹن پیاز کھپت سے زیادہ پیدا ہوگا، پورے ملک میں ایک لاکھ 51 ہزار 636 ہیکٹرز پر پیاز کی فصل لگی ہے۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ رواں سیزن میں ملک میں 21لاکھ 12 ہزار 894 ٹن پیداوار متوقع ہے، وفاق کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی زرعی معیشت تباہی کے دہانے پے ہے۔