جارجیا،دوبارہ گنتی کے بعد بھی بائیڈن کی فتح برقرار

571

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات میں جارجیا کے پولنگ افسر نے تصدیق کی ہے کہ ریاست میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ واضح رہے کہ اس مرتبہ ووٹوں کی گنتی مشین کے بجائے انتخابی اہلکاروں نے خود اپنے ہاتھوں سے کی ہے، جس کے مطابق بائیڈن ہی کامیاب قرار پائے ہیں۔ اس سے قبل مشین سے کی گئی گنتی کے نتائج میں صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن کے ووٹوں کی حتمی تعداد بہت قریب تھی جب کہ ٹرمپ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کے باعث دوبارہ گنتی کرائے جانے پر انہیں دوبارہ شکست ہی کا سامنا کرنا پڑا۔ انتخابی افسر بریڈ رافنس پرجر نے دونوں مرتبہ ہونے والی گنتی کے نتائج کو درست قرار دیا ہے۔ سابقہ گنتی میں جوبائیڈن کو ریاست کے 16الیکٹورل کالج ووٹ حاصل ہوئے تھے، جو دوبارہ گنتی پر بھی ان ہی کے حق میں شمار ہوئے۔ واضح رہے کہ جارجیا میں 1992ء کے انتخابات میں بل کلنٹن کی کامیابی کے بعد ری پبلکنز کا غلبہ رہا ہے اور اس کے بعد حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کا کوئی امیدوار اس ریاست سے کامیاب ہوا ہے۔حالیہ فتح کے بعد بائیڈن کے الیکٹورل کالج ووٹوں کی مجموعی تعداد 306 ہو گئی ہے جب کہ ٹرمپ 223 کے ساتھ شکست کا سامنا کررہے ہیں۔ الیکشن حکام کی جانب سے حالیہ اعلان کے بعد ٹرمپ نے ایک بار دعویٰ کردیا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی جارجیا کے انتخابی عمل میں دخل اندازی کرتے ہوئے پکڑی گئی ہے، تاہم انہوں نے اپنے الزام کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔