کورونا کی آڑ میں حکومت مخالف عوامی جذبوں کو روکا جارہا ہے ، لیاقت بلوچ

89

 

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و صدر سیاسی انتخابی امور کمیٹی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کورونا کی آڑ میں حکومت مخالف عوامی جذبوں کو روکنااب حکومت کے بس میں نہیں۔ غربت مہنگائی ،رشوت کرپشن اور لاقانونیت سے تنگ عوام وزیر اعظم عمران خان کی جارحانہ تقاریر اور بے بنیاد لالی پاپ کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ مرکزی سیاسی مشاورتی کونسل میں شریک سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے
لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی ترجیحات پر متحد قوم ہی دشمن قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے ۔ آئین کی بالادستی ،شفاف غیر جانبدار انہ انتخابات،قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور غریب عوام کے مسائل کے حل کی قومی ترجیحات پر قومی قیادت کو متحد ہونا ہوگاوگرنہ بھارت ،امریکا اور اسرائیل کے عزائم ملک و ملت کے لیے گمبھیر خطرات بڑھاتے رہیں گے ۔جماعت اسلامی معاشرے کے ہر کارآمد ،محب دین اور محب وطن شخص کو اسلام کی حکمرانی اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی جدوجہد میں ساتھ لے کر چلے گی۔جماعت اسلامی تمام مسالک ،محب وطن اقلیتوں ،خواتین ،نوجوانوںطلبہ و طالبات کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے ۔سیاسی جمہوری ،انتخابی روایتی اسلوب ناکام ہوچکا ہے ۔اسلام ،آئین ،جمہوری قدروں سے انحراف کی وجہ سے پاکستان خطرات میں گھر گیا ہے ۔دھڑوں ،برادریوں ،سیاسی بے وفائی ،صرف اور صرف پاور پالیٹکس کی بنیاد پر انتخابات کو ہمیشہ انجینئرڈکرنے کا نظام ناکام ہوگیا ہے ۔