کراچی : افغان گروپ سرگرم‘ دکانوںکے تالے کاٹ کر10 لاکھ چوری،بینک سے نکلنے والے شہری سے 15 لاکھ چھین لیے گئے

175

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ڈکیت افغان گروپ سرگرم‘ دکانوںکے تالے کاٹ کر10 لاکھ چوری،بینک سے نکلنے والے شہری سے 15 لاکھ چھین لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی انڈس پلازہ کے قریب افغان ڈاکوئوںنے11راہگیروں کو لوٹ لیا، ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 25 سالہ نوجوان محمداللہ ولد یوسف کو زخمی کردیا،جس کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔قبل ازیں سہراب گوٹھ کے علاقے گلزارہجری اسرار ہوٹل کے قریب بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ایک
شہری کو 2 مسلح ملزمان نے لوٹ لیا ، ملزمان شہری سے 15لاکھ رروپے چھین کر فرار ہوگئے۔پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔ادھرسہراب گوٹھ پولیس موبائل نے موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی گاڑی بھگانے کی کوشش کی، پولیس کے تعاقب کرنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم شان احمد ولد محمد شفیع کوزخمی حالت میں جب کہ اس کے ساتھی عمر حیات ولد اللہ یار کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او سہراب گوٹھ ریاض احمد بھٹو کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول ،بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل،65 ہزار روپے نقد اور2 موبائل فونز برآمد ہوئے۔ گلشن معمار میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اسلحہ ومسروقہ سامان برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتارملزم کی شناخت شبیر ولد داد محمد کے نام سے ہوئی جبکہ ایک زخمی سمیت 3 ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق 4ملزمان شہری سے رکشہ چھین کر فرار ہو رہے تھے ۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی ملزمان کا تعاقب کیااور دوبدو فائرنگ کا تبادلہ ہوا،پولیس نے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیاجبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔علاوہ ازیںتھانہ پریڈی کے علاقے ایمپریس ویو مارکیٹ کے بیسمنٹ میں3 ملزمان6 دکانوں کے تالے کاٹ کر مبینہ طورپر 10 لاکھ روپے نقد لے کر فرار ہوگئے ، فوٹیج میں شلوار قمیض میں ملبوس 3 ملزمان کو واردات کرتے واضح دیکھا جاسکتا ہے،فوٹیج میں ایک ملزم نے ٹوپی والی جیکٹ جبکہ دوسرے نے رومال سے منہ ڈھانپا ہوا ہے جبکہ ایک ملزم کا چہرہ صاف دیکھا جاسکتا ہے۔ گزشتہ6 ماہ کے دوران ڈکیتی کی یہ تیسری واردات ہے جبکہ پولیس ماضی میں ہونے والی واردات کے کسی بھی ملزم کو پکڑ نہیں سکی تھی،اب پھر اسی مارکیٹ میں واردات ہوگئی ۔ہیڈ محرر حنیف سیال کے مطابق پولیس نے شک کی بناء پر چوکیدار کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ کیش اور سامان چوری کیا گیا ہے۔نامعلوم ملزمان کے خلاف دکاندار مراد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔مزید برآںکورنگی اور گلشن معمار میں مبینہ پولیس مقابلوں میںایک ڈاکو ہلاک اور3زخمی ہوگئے ،ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق کورنگی دارالعلوم کے قریب لوٹ مار کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو موٹر سائیکل پر سوار3ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میںایک ملزم ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، زخمی ملزم اپنے دوسرے ساتھی کے ساتھ فرار ہو گیا، ملزم کی جیب سے ملنے والا پرس چند روز قبل خاتون سے چھینا گیا تھا۔گلشن معمار میں بھی پولیس مقابلہ ہوا جس میں2ڈاکو زخمی ہوگئے، واقعے میںایکزخمی ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ زخمی ڈاکو سمیت 3 ملزمان فرار ہو گئے۔ڈاکو شہری سے رکشہ چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے اطلاع ملنے پر ملزمان کا تعاقب کیا۔گرفتار ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔