کورونا ویکسین کی خریداری کیلیے 15 کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی منظوری

82

 

اسلام آباد (اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے ویکسین کی خریداری کے ضمن میں 15 کروڑڈالرکی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی اصولی منظوری دیدی ہے، ویکسین کی پہلی کھیپ 5 فیصد آبادی یعنی صحت عامہ اورفرنٹ لائن کے ورکروں اور65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کوفراہم کی جائیگی ،اس انتظام کے تحت ایک کروڑ افراد کوویکسین دی جائیگی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس جمعہ کو وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقدہوا، اجلاس میں وفاقی وزیرصنعت وپیداوار
حماد اظہر، وزیر اقتصادی امورمخدوم خسروبختیار،وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین، مشیر پیٹرولیم ندیم بابراوروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کی تجویزپرکورونا وائرس کے انسدادکیلئے ویکسین کی خریداری کے ضمن میں 15 کروڑڈالرکی تکنیکی ضمنی گرانٹ کا جائزہ لیاگیااوراس کی اصولی منظوری دی گئی۔ای سی سی نے وزارت قومی صحت خدمات کو وزارت اقتصادی امور کی مشاورت سے ویکسین کی خریداری کیلیے مالیاتی سہولت کاجائزہ لینے کو عالمی بینک اوردیگرترقیاتی شراکت داروں سے رابطے استوارکرنے کی ہدایت کی تاکہ پہلے مرحلہ میں ویکسین کی خریداری اور مستقبل کی ضروریات کے لیے ویکسین کی اضافی کھیپ کے انتظامات کویقینی بنایا جاسکے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بڑے پیمانے پر ویکسین کی خریداری ، اس کی قیمت اوررسک کوکم کرنے کیلیے تمام متعلقہ سٹیٹ ہولڈرز سے مشارت کے بعد جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جنوری سے لیکرجون 2021 تک کی توسیعی مدت میں گروپ 20ممالک کے قرضوں کی سہولت کیلیے باضابطہ درخواست دینے کے ضمن میں وزارت اقتصادی امورکی درخواست کی منظوری دی تاہم دوطرفہ قرضوں کی معطلی کے معاہدوں کیلیے وفاقی کابینہ سے منظوری لیناضروری ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی تعدادمیں کمی کا عمل شروع کرنے کیلیے 19.656 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، اسی طرح اجلاس میں وزیراعظم کے خصوصی پیکج کے تحت ا سکلزفارآل سٹریٹجی پرعمل درآمد کیلیے50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مختلف ضروریات کیلیے 68.93 کروڑ روپے کے تخصیصی بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ اب 2.248 ایم ایم ٹی گندم درآمد کی جائے گی۔