وزیر اعظم سیاسی مقاصد کیلیے کورونا کو استعمال کررہے ہیں ‘مرتضیٰ وہاب

69

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کورونا کو استعمال کر رہے ہیں‘ ملک کو درپیش مالی مشکلات کی سب سے بڑی وجہ وفاقی حکومت کی نالائقی ہے جب سے حکومت اقتدار میں آئی تو ان کا ٹارگیٹ ٹیکس کلیکشن کی مد میں 5 کھرب روپے کی وصولی تھا‘ لیکن صرف سوا 3 کھرب وصول کیے جاسکے‘ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ ٹیکس
کلیکشن کا ٹارگٹ پورا نہیں ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا آٹا، چینی اور ادویات کے اسکینڈل میں ملوث ہیں‘ سندھ حکومت مالی مشکلات کے باوجود عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت ایک وعدے کے بعد دوسرا وعدہ کرتی ہے جو پورے نہیں کیے جاتے‘ وفاقی حکومت سے سندھ حکومت کو کوئی سپورٹ نہیں مل رہی‘ صرف گیس اور بجلی کے سیکٹر کی تحقیقات کرلیں تو معلوم ہو جائے گا کہ وزرا اپنی جیبیں بھر رہے ہیں‘ عوام جمہوریت دشمن پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں‘ ایک طرف وزیر اعظم کہتے ہیں ہمیں لاک ڈاؤن نہیں کرنا ہے اور دوسری طرف خود ہی پابندیاں لگا رہے ہیں ۔