خادم رضوی کی تدفین آج ہوگی،جنازے کے انتظامات مکمل

150

لاہور/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت+ اے پی پی) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے جنازے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، میت کو ان کے گھر سے ایمبولینس میں سبزہ زار کرکٹ گراؤنڈ لایا جائے گا، پولیس ذرائع کے مطابق سبزہ زار سے خادم حسین رضوی کی میت کو سرکاری ہیلی کاپٹر میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں لے جایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ تدفین کے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہو سکا۔ مولانا خادم حسین رضوی کی تدفین لاہور میں
کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے،قبل ازیں طے پایا تھا کہ علامہ خادم حسین رضوی کو ان کے آبائی شہر اٹک میں سپرد خاک کیا جائے گا، تنظیمی اعلان کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کی میت گزشتہ 24 گھنٹے سے مدرسہ ابوذر غفاری سے ملحقہ ان کی رہائش گاہ پر موجود رہی، تمام دن ان کے چاہنے والوں کا مدرسہ ابوذر غفاری میں رش رہا ۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز ہفتہ صبح 10 بجے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ادا کی جائے گی۔ پولیس نے نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے علاوہ اینٹی رائٹ فورس اور سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہونگے۔ علاوہ ازیںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا ہے۔ صدر مملکت نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔