کشمیر میں بھارتی پالیسیاں اقوام متحدہ کنونشن کی خلاف ورزی ہے،پاکستان

88

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر میں بچوں کی حالت زار کی جانب فوری توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی پالیسیاں بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنے کا
پابند ہے۔ پاکستان نے بچوں کے استحصال اور جنس، مذہب اور نسل کی بنیاد پر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے متعدد ادارہ جاتی اور قانونی اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاکستان بچوں کی مزدوری، جبری شادیوں اوربچوں کے خلاف تشدد کے واقعات کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بچوں کے عالمی دن پر بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بچوں کی حالت زار کو فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔ دنیا کی سب سے بڑی جیل مقبوضہ جموں کشمیر کے بچے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کی فوری توجہ کے مستحق ہیں عالمی برادری کوبھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ اپنی غیر قانونی اور غیر انسانی پالیسیوں اور طرز عمل کو فوری طور پر بندکرے۔