بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کاخیال رکھناہوگا‘اسپارک

126

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اسپارک کے زیر اہتمام چلڈرن رائٹس کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلیٰ سندھ برائے انسانی حقوق ویرجی کوہلی، ایم پی اے سدرہ عمران، صدام حسین، اقبال دیتھو، شمائلہ مزمل، تانیہ شہزاد، کاشف مرزا، حارث جدون ودیگر مقررین نے کہا کہ بچے ہر قوم کے سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں ہمیں بچوں کی ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند نسل تیار کرنا ہوگی۔ سندھ حکومت نے کم عمری کی شادی پر پابندی عائد کردی ہے، بچوں کے لیے رائٹس کلب بنائے جارہے ہیں اور پرائیویٹ اسکولوں کو بھی پابند کیا جارہا ہے کہ وہ 3%فیصد غریب طلبہ کے مفت داخلے اور تعلیم کو یقینی بنائیں۔مقررین کاکہناتھا ہمیں بچوں کو بولنے کی آزادی دینا ہوگی اور ان کی بات کو سن کر اْن کی رائے کا احترام کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو اپنی بقاء تحفظ، ترقی اور شراکت کے حقوق کے ساتھ اپنی تہذیب، ثقافت کی بھی آگاہی دینا ہوگی۔ اور اْن کو اْن کے حقوق سے متعلق پالیسی معاملات میں شامل کرنا ہوگا اور اْنکی ہر سطح پر دیکھ بھال کرنا ہوگی۔ بچوں کو بھی اپنے والدین کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا اس طرح وہ کم عمری ہی سے معاشرے کی بہتری کیلیے کام کرسکیں گے۔