رہنما جماعت اسلامی کے گھر آئے مہمانوں سے لوٹ مار

127

کراچی(پ ر)مسلح ڈاکوئوں نے کورنگی میں جماعت اسلامی کے رہنما عارف رحمان کے گھر آئے مہمانوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا خواتین کی چوڑیاں اتروا لیں موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی آئی ایریا طٰہٰ اسکول پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے رہنما عارف رحمان کے بیمار بھائی طارق رضوان کی عیادت کے لیے ان کے قریبی رشتہ دار معاذ جعفری گلشن اقبال سے آئے تھے۔ معاذ جعفری کی فیملی جیسے ہی عیادت کے بعد گھر سے نکلی رہی تھی کہ دروازے پر ہی4مسلح ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر انہیں یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔خواتین کے ہاتھوں میں پہنی ہوئی چوڑیاں اتروالیں اور موبائل فون اور نقدی لوٹ لی۔وہاں موجود افراد کی چیخ و پکار پر ڈاکو دہشت زدہ ہو کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔عارف رحمان کے اہل خانہ نے فوری طور پر15پر فون کیا تو وہاں سے جواب ملا کہ آپ عوامی تھانے کو فون کریں۔امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے عارف رحمان کے گھر پر مسلح ڈاکوئوں کی واردات پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی لانڈھی میں مسلسل اسٹریٹ کرائمز چوری وڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عارف رحمان کے گھر آئے ہوئے مہمانوںکو اسلحہ کے زور پر لوٹنے والے ڈاکوئوں کو گرفتار کیا جائے اورمہمانوں سے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے۔