جلسہ بہر صورت ہوگا ، پی ڈی ایم ۔ اجازت نہیں دینگے ، پختونخوا حکومت

198

 

پشاور(آن لائن+اے پی پی)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ22نومبر کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔ پشاور پریس کلب میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے جلسے کی اجازت لینے کے لیے درخواست کی تھی
جو انتظامیہ نے کورونا کو جوازبنا کر مسترد کر دی ہے، جس کی نا صرف عوامی نیشنل پارٹی اور پی ڈی ایم شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے بلکہ سلیکٹڈ حکمرانوں کو واضح طور پر خبردار کرنا چاہتی ہے کہ ہوش کے ناخن لے، تصادم کا ماحول پیدا کرنے سے گریز کیا جائے، پشاور جلسے کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کی تیاریاں مکمل ہیں،جلسہ ہر حال میں ہوگا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظرپی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکارکردیاہے۔پشاورمیں ضلعی انتظامیہ نے کورونا وبا کے پھیلاؤکے خطرے کے پیش نظرپی ڈی ایم کوجلسے کی اجازت دینے سے انکارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی اجتماعات سے گریز اختیارکرنے کی ہدایت کی ہے، بڑے عوامی اجتماعات سے کورونا کے بڑے پیمانے پرپھیلنے کا خدشہ ہے، مذکورہ صورت حال اورکورونا وائرس سے انسانی جانوں کوبچانے کی غرض سے جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ادھروزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم رہنمائوں نے جلسہ کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کیونکہ خیبرپختونخواحکومت کے پاس پینڈیمک آرڈنینس کے تحت کارروائی کا اختیار ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسہ اجازت نہ دینے پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کی لہر میں اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، اپوزیشن کو جلسوں سے نہیں روکنا چاہتے ،ہمارا مقصد عوام کو کورونا سے بچانا ہے، کورونا وبا پر قابو پالیں تو پھر اپوزیشن بھی جلسے کرے اور ہم بھی کریں گے۔