تعمیراتی کام میں تیزی سے معیشت بہتر ہوگی ، وزیر اعظم ، قومی یوتھ کونسل کے قیام کا فیصلہ

311
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ ،تعمیرات وترقی کا اجلاس ہورہاہے

 

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک +اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام میں تیزی سے ملکی معیشت بہتر ہوگی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنی سربراہی میں نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈویلپمنٹ کا
ہفتہ وار اجلاس ہوا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ عوام الناس کی آسانی کے لیے ملک بھر کے تمام ضلعوں میں موجود بینکوں کی 50 فیصد برانچوں میں تعمیرات کے لیے قرضہ جات کی فراہمی کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ بینک الحبیب کی طرف سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تعمیراتی شعبے کیلئے اب تک 6ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے بھر سے 44 ملین مربع فٹ پر تعمیراتی کام کے لیے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جس میں سے 20 ملین مربع فٹ پر تعمیرات کے لیے منظوری دی جاچکی ہے جب کہ تعمیرات سے وابستہ تمام صنعتوں بشمول سیمنٹ، اینٹوں اورسریا کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں 44 ملین مربع فٹ پر تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد صوبے میں تقریباً ایک کھرب روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صوبے بھر سے تقریباً 6 ملین مربع فٹ پر نئی تعمیرات کے لیے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منظوری کے بعد صوبے میں 100 ارب روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع ہوگی۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو تعمیراتی کام کے حوالے سے موصول شدہ درخواستیں مروجہ قوانین کے مطابق جلد از جلد منظور کر نے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور نیپرا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ ملکر تعمیراتی شعبے سے متعلقہ مسائل جلد حل کریں۔بعد ازاں وزیر اعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام میں تیزی سے ملکی معیشت بہتر ہوگی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر کے نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں، وزیراعظم عمران خان نے ساری جدوجہد نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے کی ہے، عمران خان نے نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ یوتھ کونسل کی سربراہی وزیراعظم عمران خان خود کریں گے، ملک بھر سے 50 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائیگا، نوجوان وزیراعظم کے ساتھ مل کر وہ پالیسیاں تشکیل دیں گے جو ان کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان بننے اور عمران خان کی جدوجہد میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، یوتھ کونسل کا سلیکشن پراسس انتہائی شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، نوجوان نیشنل یوتھ کونسل میں شامل ہونے کے لیے کامیاب جوان کی ویب سائٹ سے اپلائی کریں، 50 بہترین قابل نوجوانوں کو کونسل رکنیت کے لیے منتخب کیا جائیگا۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ ،تعمیرات وترقی کا اجلاس ہورہاہے