پنجاب: شادی ہالز پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

622

لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں شادی ہالز میں شادی کی تقریبات منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب نے پابندی عائد کئے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ لاہور کے شہری کھلے مقامات پر شادی کی تقریبات منعقد کر سکتے ہیں۔

شادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 300 مہمانوں کو اکٹھا کرنے کی اجازت ہو گی اور تمام مہمان کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہوں گے، تقریبات کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنا بھی لازم ہوگا۔

شادی ہالز پر عائد کی گئی پابندی 20 نومبر سے 31 جنوری 2021ء تک جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت صرف لاہور میں 1361 شادی ہالز موجود ہیں، جن میں سے 480 شادی ہالز 3 منزلہ ہیں جبکہ شادیوں کی تقریبات منعقد کرنے کے لئے شہر بھر میں 280 مقامات ہیں۔