پومپیو کے دورہ گولان پر شام کی مذمت، خودمختاری پر حملہ قرار

294

شام نے امریکی وزیرخارجہ مائیک  پومپیو کےگولان کےمقبوضہ پہاڑی علاقےکےدورے کی مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی خودمختاری پر حملہ قرار دے دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو نے دورہ اسرائیل کے دوران وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد گولان کےمقبوضہ پہاڑی علاقےکا دورہ کیا تھا۔

اس دورے پر شامی وزارت خارجہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ مائیک  پومپیو کاگولان کےمقبوضہ پہاڑی علاقےکادورہ قابل ِ مذمت ہے،مائیک پومپیوکادورہ شام کی علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، ایسےمتنازع دوروں سےاسرائیل کی انتقامی کارروائیوں کوشہ ملےگی۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے1967 میں شام سے جنگ میں گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کیاتھا اور تاحال یہ مقبوضہ علاقہ ہے۔گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی سرگرمیوں پر شام متعدد بارتحفظات اور تشویش کا اظہار کر چکا ہے۔

دو روز قبل ہی اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونکریس نے دعویٰ کیا کہ شام کے زیرانتظام گولان کی پہاڑیوں سے دمشق کے اطراف تک پھیلے ہوئے علاقوں میں آٹھ اہداف پر حملہ کیا گیا ہے۔

اہداف میں دمشق انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بنے ایرانی ہیڈ کوارٹر اور ایک خفیہ فوجی اڈہ بھی شامل ہے جو شام میں آئے ایرانی وفود کو میزبانی کی سہولت فراہم کرتا تھا۔