علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ ہفتے کی صبح ادا کی جائے گی

788

لاہور: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی گزشتہ روز انتقال کر گئے، مرحوم کی نماز جنازہ کل (ہفتے) صبح 11بجے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

تفصیلات  کے مطابق دو ہزار سترہ میں سیاسی منظر نامے پر نمودار ہونے والےتحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی گذشتہ رات لاہور میں 54 برس کی عمر میں انتقال کرگیے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کچھ عرصہ سے شدید علیل تھے اور گزشتہ رات طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں شیخ زائد اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

واضح رہے  علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کی نماز جنازہ ہفتے کی صبح 11بجے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

علامہ خادم حسین رضوی کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ  وزیراعظم پاکستان عمران خان، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری، وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر سندھ ،  گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

یاد رہے خادم حسین رضوی کا تعلق ضلع اٹک سے تھا اور وہ 22 جون 1966 کو نکہ توت میں پیدا ہوئے اور انہوں نے جہلم اور دینہ کے مدارس سے حفظ و تجوید کی تعلیم حاصل کی اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے درس نظامی کی تکمیل کی۔