برمی مسلمانوں کے ترجمان سیف اللہ خالد انتقال کر گئے

141

کراچی (نمائندہ جسارت) روہنگیا سولیڈیریٹی آرگنائزیشن پاکستان کے سابق صدر اور برمی مسلمانوں کے ترجمان رسالے کے مدیر مولانا سیف اللہ خالد انتقال کر گئے ۔ان کی نماز جنازہ مسجد اقصیٰ کورنگی جے ایریا میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان ،روہنگیا سولیڈیریٹی آرگنائزیشن پاکستان کے صدر نور حسین اراکانی ،مرزا فرحانبیگ،سابق یوسی ناظم محمد قاسم خان ،ناظم جماعت اسلامی لانڈھی غربی محمد شفیق ،مولانا صالح احمد ،مولانا عبدالمالک ،ابو طالب ،مولانا حزب الرحمن ،مولانا ظفر آزاد،مولانا لطف الرحمن ، مولانا محب اللہ ،مولانا اختر حسین ،ماسٹر منیر اللہ، مولانا سلفی ،مولانا حافظ اللہ،مولانا نور البشر ،طاہر اراکانی ،منصور احمد ،ماجد شیخ ،قاسم جمال کے علاوہ بڑی تعداد میں برمی باشندوں اور اہل محلہ ورشتے داروں نے شرکت کی ،بعدازاں مرحوم کو باغ کورنگی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔مولانا سیف اللہ خالد دنیا بھر میں برمی باشندوں کے ترجمان تھے اور انھوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر قاضی حسین احمدؒ اور سید منورحسنؒ کے ساتھ اراکان برما کے سلسلے میں ان کی بڑی معاونت کی تھی اور ان کے جماعت اسلامی پاکستان کے شعبہ امور خارجہ سے خصوصی تعلقات تھے۔ دنیا بھر میں سیف اللہ خالد کے انتقال پر ان کے اہل خانہ کے پاس تعزیتی پیغامات آرہے ہیں۔امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے سیف اللہ خالد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ برمی قوم ایک درویش صفت رہنما سے محروم ہوگئی ہے ۔سیف اللہ خالد نے ڈاکٹر یونس کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں برما میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر بھر پور آواز اٹھائی اور ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا ئے گا۔