حافظ سعید کو دہشتگردی کے الزام میں مزید ساڑھے 10 سال قید

170

لاہور (نمائندہ جسارت)لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کو ساڑھے10سال قید کی سزا سنا دی۔لاہور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے سی ٹی ڈی کی طرف سے درج مقدمہ نمبر 16/19اور 25/19پر فیصلہ سناتے ہوئے حافظ سعید سمیت چار افراد کو 2مقدمات میں قید کی سزائیں سنائیں۔حافظ محمد سعید، پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے دس، دس سال کی سزا سنائی جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو 6ماہ قید کی سزا سنائی گئی ۔پروفیسر حافظ محمد سعید جولائی 2019 سے گرفتار ہیں اور ان کیخلاف اب تک چار مقدمات کے فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔ جماعت الدعو ۃکے رہنمائوں کے خلاف سی ٹی ڈی کیطرف سے کل 41مقدمات درج ہیں جن میں سے 24مقدمات کے فیصلے ہو چکے ہیں جبکہ باقی اے ٹی سی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔ حافظ سعید کو اس سے قبل رواں سال 12فروری کو جج ارشد حسین بھٹہ نے ہی دو کیسز میں 11 سال قید اور 30 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔