شیخ شوکت علی کی دینی وسماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں،جماعت اسلامی

150
حیدرآباد: نائب امیر جماعت اسلامی اسدا اللہ بھٹولطیف آباد میں شیخ شوکت علی کے تعزیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں ،امیر ضلع عقیل خان، ظہیر الدین شیخ ودیگر بھی موجود ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسدا للہ بھٹو نے کہاکہ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شیخ شوکت علی کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیاجاسکتا ،وہ سابق امیر جماعت اسلامی حیدرآباد شیخ شوکت علی کے انتقال پرلطیف آبادنمبر8میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر صوبائی امیر جماعت ا سلامی محمد حسین محنتی نے بذریعہ وڈیو جبکہ امیر ضلع عقیل احمد خان، سابق امیر حافظ طاہر مجید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ جماعت اسلامی نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا بھر میں دین اسلام کی سربلندی اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کام کررہی ہے ہماری دعوت ، ہماری جدوجہد، انتخابات میںحصہ لیناسب انقلاب اسلامی کی جدوجہد کا حصہ ہے ،آج ہمارا مقابلہ وقت کی طاغوتی قوتوں کے ساتھ ہے جو اس دنیا اور ملک پاکستان میں کفر کا نظام دیکھنا چاہتی ہیں ہمیں اس جدوجہد میں اپنے ساتھی اوربھائی شیخ شوکت علی کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو خالصتا ًاسلامی انقلاب کے لیے کام کررہی ہے ۔ہمارا فرض ہے کہ شیخ شوکت علی سمیت جو بھی اکابرین جدوجہد کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں ان کو اپنی دعاؤں مین یاد رکھیں۔ محمد حسین محنتی نے وڈیو پیغام میں کہاکہ شیخ شوکت علی نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ جماعت اسلامی کے ساتھ دین اسلام اورعوام کی خدمات میں گزارا۔شیخ شوکت علی نے ایسے وقت میں جماعت اسلامی کا کام کیا کہ جب حالات بڑے کشیدہ تھے تمام تر مسائل کے باوجود وہ ڈٹے رہے ،انہوںنے اپنے روز گار کو دین کے کاموں میں رکاوٹ نہیں بننے دیا 2013ء میں انہوںنے این اے219 حیدرآباد سے انتخاب میں حصہ لیا اور جماعت اسلامی کے بائیکاٹ کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کیے،شیخ شوکت علی کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہوپائے گا ۔ضلعی امیر عقیل احمد خان نے کہاکہ شیخ شوکت علی جماعت اسلامی حیدرآباد کا سرمایہ تھے ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ان کی خدمات کو اللہ تعالی قبول فرمائے اس موقع پر سابق امیر ضلع حافظ طاہر مجید، مشتاق احمد خان، جماعت اسلامی کے ضلعی قیم ظہیر الدین شیخ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔