ڈپٹی کمشنر جامشورو نے مہنگائی کیخلاف عوامی شکایات کا نوٹس لے لیا

149

کوٹری (پ ر) ڈپٹی کمشنر جامشورو نے مہنگائی کیخلاف عوامی شکایت کا نوٹس لے لیا۔ ضلع بھر میں بچت بازار لگانے کی ہدایت، بچت بازار میں مارکیٹ اور سرکاری نرخ سے کم پر اشیاء پر خورونوش فروخت کی جائیں گی۔ سرکاری نرخ سے زائد پر اشیاء خورونوش فروخت کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹنا جائے گا، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے نہیں دیں گے، فریدالدین مصطفی۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فریدالدین مصطفی نے مہنگائی سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ریونیو، مارکیٹ کمیٹی اور بلدیاتی افسران کو طلب کرلیا۔ اس سلسلے میں اہم اجلاس دربار حال میں منعقد ہوا، جس میں صنعتکاروں کے نمائندوں اسسٹنٹ کمشنر کوٹری نذیر احمد ابڑو، مختارکار کوٹری ابوبکر سدھایو، اسسٹنٹ مختارکار فیروز مصطفی برفت، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس کنٹرول کے منصور زیدی، چیف میونسپل آفیسر کوٹری خدا بخش سہوانی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی جامشورو نے افسران کو ہدایت دی کہ فوری طور پر ضلع بھر میں بچت بازار لگانے کے لیے اقدامات عمل میں لائے جائیں، جہاں عوام کو مارکیٹ اور سرکاری نرخ سے کم پر اشیاء خورونوش فروخت کی جائیں اور اسٹال لگانے کے لیے مقامی فیکٹری مالکان سے بھی سامان لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو نے ریونیو افسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری بچت بازار کے انعقاد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کریں۔ پیر کو وہ خود دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیں گے اور منگل سے بچت بازار سے عوام کو سستی اشیاء درکار ہوں گی جوکہ کورونا ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہیے اور ہفتے کے چار یوم بچت بازار لگائے جائیں۔ انہوں نے ریونیو افسران کو مزید کہا کہ وہ اشیاء خورونوش مہنگے داموں فروخت کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹنا جائے اور بلاامتیاز کارروائی کرکے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ فرید الدین مصطفی نے چیف میونسپل آفیسر کو ہدایت دی کہ اسٹال لگانے اور صفائی ستھرائی کی ذمے داری آپ پر عائد ہوگی جبکہ پولیس کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔