الطاف جسکانی کو ایک سازش کے تحت قتل کیا گیا، ڈاکٹر قادر مگسی

210

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) گزشتہ روز قتل ہونے والے سندھ ترقی پارٹی کے وائس چیئرمین الطاف جسکانی کی نماز جنازہ بچانی ہاؤس کے سامنے ادا کردی گئی، نماز جنازہ کے بعد سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکڑ قادر مگسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الطاف جسکانی کا قتل بے رحمانہ قتل ہے، الطاف جسکانی کو ایک سازش کے تحت قتل کیا گیا ہے قتل میں جو سیاسی ہاتھ ہیں وہ ہمیں تلاش کرنے ہیں، ظاہری طور پر جنہوں نے گولی ماری ہے ان کے نام مقدمے میں درج کروا دیے ہیں، اب پولیس کی ذمے داری ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کرے، پولیس کہتی ہے کہ ایک ہفتہ پہلے مقدمے میں نامزد افراد اپنے گھر خالی کرکے چلے گئے وہ روپوش کہاں ہوں گے۔ جدید دور ہے جیو فینسنگ سے ان کا پتا چل جائے گا۔ پہاڑی میں بھی ہوں گے تو پکڑے جائیں گے۔ قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دی جائے۔ الطاف جسکانی کی نماز جنازہ میں لاکھوں افراد کا سمندر امڈ آیا، سوگ میں پرائیویٹ اسکول بند رہے، شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل بند رہے۔ شہر بھر کے داخلے خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات۔ پولیس نے ناکا بندی کرکے ہر آنے جانے والے افراد کو سخت چیکنگ کے بعد چھوڑا جارہا ہے۔ گزشتہ روز ٹنڈوالہٰیار میں فائرنگ سے سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین الطاف جسکانی جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان کے قتل کیخلاف حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد، جیکب آباد، کندھکوٹ، شکار پور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار، بدین، تھر پارکر، ٹھٹھہ، سجاول سمیت مختلف شہروں میں ہڑتال کی گئی، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔