حضور ﷺنے کامل ضابطہ حیات کے ذریعے دنیا میں انقلاب برپا کیا،علما مشائخ

247

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کے علما و مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشین دربار عالیہ بھیج پیر جٹا نے کہا ہے کہ حضور اکرمؐ نے اپنے اخلاق کریمانہ، بہترین تہذیب و تمدن اور کامل ضابطہ حیات کے ذریعے دنیا میں عظیم الشان انقلاب برپا کیا۔ آپؐ کے انقلاب کا آغاز تعلیم و تربیت سے ہوا اور آپؐ کو معلم اخلاق بناکر دنیا میں بھیجا گیا، اس لیے نوجوان نسل اور طلبہ رسول اکرمؐ کی سیرت کا مطالعہ کریں اور آپؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کا تہیہ کرلیں۔ ان الفاظ کا اعادہ انہوں نے سیرت مصطفیﷺ کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے پیر غلام غوث محی الدین جانی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری، علامہ سید محسن کاظمی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ محمود عالم آسی خرم، پروفسر ڈاکٹر علامہ عبدالصمد نقشبندی، خلیفہ سید مسرور حسین ہاشمی خانی، خلیفہ افضل وارثی، خلیفہ مجتبیٰ حسنین حقانی، پروفیسر ڈاکٹر علامہ سعید احمد، مفتی فیض الہادی، پیر عبدالغنی سہروردی، سید معین الدین شاہ، پیر محمد احمد چشتی، صاحبزادہ کامران سرفراز چشتی، پیر غلام مدنی، احمد مہران گورایا ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حضور نبی کریمؐ دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے۔ آپؐ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور ہر طرف نور کا اجالا ہوگیا۔ آپ ؐ وجہ تخلیقِ کائنات اور اللہ کے محبوب ہیں۔ آپؐ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ربیع الاول کا یہ مقدس مہینہ عظمت رسالت کو بیان کرنے کا مہینہ ہے، اسلام دشمن گماشتوں نے اس مہینے میں سرور کائنات کی شان میں گستاخی کر کے مسلمانوں کی غیرت کو للکارا ہے۔ آزادی اظہار کے نام پر شعائر اسلام کا مذاق اڑانے والے اور سرکار دو عالمؐ کی شان میں گستاخی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اس معاملے پر جب تک عالم اسلام اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔ دشمنان اسلام ہماری کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔ پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کے متعلق ترک صدر طیب اردگان کا مؤقف دلیرانہ ہے۔ عالم اسلام کے دیگر رہنما بھی طیب اردگان کی تقلید کریں۔ انہوں نے فرانس کی مصنوعات کی بائیکاٹ اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے دل زخمی کرنیوالوں کیخلاف عملی اقدامات اٹھانے کا وقت آگیا ہے۔ مسلم حکمران اس حوالے سے کردار ادا کریں، ریاست مدینہ کے دعوے داروں کا ملک سے فرانسیسی سفیر کو نہ نکالنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے ملک میں وہاں کے صدر کی اجازت سے ہمارے پیارے نبیؐ کی توہین کی ناپاک جسارت کی گئی ہے اور آج یورپی ممالک اپنے پیسے کی بدولت امت مسلمہ اور شعائر اللہ کیخلاف ہر ناپاک حرکت کررہے ہیں۔ لہٰذا امت محمدیہؐ ہونے کے ناطے ہمارا حق بنتا ہے کہ ہم اپنے نبی کریمؐ کی شان کے تحفظ کے لیے عملی طور پر اپنی کمائی سے ان لوگوں کو مضبوط نہ کریں، جن کا پیشہ ہمارے نبی کریمﷺ کی شان میں توہین کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ حکومت فرانس کیخلاف واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے اس کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرے۔