ٹنڈومحمد خان، نجی کمپنی نے پورے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا

156

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت) نجی کمپنی نے پورے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ، فائبر آپٹک تاروں کو بچھانے کے نام پر تمام سڑکوں کو دونوں اطراف سے کھود دیا گیا ، چند ماہ قبل سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی نے مذکورہ کمپنی کو سڑکوں کی کھدائی سے روکتے ہوئے ، پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا لیٹر جاری کیا ، موجودہ ایڈمنسٹریٹر نے کمپنی کو سڑکوں کی کھدائی کا حکم دے دیا ، سماجی حلقوں کی جانب سے انکوائری کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی کمپنی کی جانب سے فائبر آپٹک تاروں کو بچھانے کے نام پر پورے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے ، شہر کی تمام سڑکوں کو دونوں طرف سے کھود کر شہر کو موئن جودڑو میں تبدیل کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ کمپنی نے چند ماہ قبل شہر میں سڑکوں کی کھدائی کا کام شروع کیاتو سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی سید شاہنواز شاہ کی جانب سے فوری طور پر سڑکوں کی کھدائی کے کام کو بند کروادیا گیا بعدازاں میونسپل انجینئر کی جانب سے سڑکوں کی کٹنگ فیس کا تخمینہ 45 لاکھ 67 ہزار روپے لگایا گیا اور مذکورہ کمپنی کو فوری طورپر فیس کی رقم میونسپل کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کروانے کو کہا گیا لیکن مذکورہ کمپنی کام بند کر کے چلی گئی ، بلدیاتی نظام ختم ہونے کے بعد مذکورہ کمپنی نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے ملی بھگت کرکے شہر بھر کی سڑکوں کی کھدائی دوبارہ شروع کردی اور میونسپل کمیٹی کو فیس بھی ادا نہیں کی گئی ، جس کے باعث میونسپل کمیٹی کو جان بوجھ کر 45 لاکھ 67 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ سماجی حلقوں کی جانب سے شہر کی تمام سڑکوں کو دونوں اطراف سے نقصان پہنچانے اور شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان ، چیف جسٹس ہائی کورٹ سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان کو 45 لاکھ 67 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کا نوٹس لیا جائے اور ذمے داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔