جیکب آباد، سکھر ایکسپریس کا تاخیر سے پہنچنا معمول بن گیا

237

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) سندھ بلوچستان کے سنگم جیکب آباد میں سکھر ایکسپریس کا تاخیر سے پہنچنا معمول بن گیا ،مسافر پریشان ہو نے لگے احتجاج، ٹرانسپورٹ مافیا سکھر ایکسپریس کو ناکام کرنے کی سازشیں کررہی ہے، عملہ ملا ہوا ہے، مسافروں کا الزام۔ سکھر ڈویژن کی واحد ٹرین سکھر ایکسپریس کراچی سے جیکب آباد تاخیر سے پہنچنے لگی ہے، جو اب معمول بن گیا ہے۔ بدھ کے روز بھی سکھر ایکسپریس دن تین بجے جیکب آباد پہنچی جبکہ ٹرین کا وقت صبح دس بجے ہے، یعنی ٹرین پانچ گھنٹے لیٹ ہوئی جس کے باعث مسافر پریشان ہوگئے۔ مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سکھر ایکسپریس جیکب آباد و گردونواح سمیت بلوچستان کے لوگوں اور کاروباری ملازم پیشہ افراد کے لیے بہترین سہولت ہے لیکن اسے ناکام کرنے کی سازش کی جارہی، جس میں ٹرانسپورٹ مافیا کے ساتھ ریلوے کا کرپٹ عملہ بھی ملوث ہے۔ سکھر ڈویژن کی واحد ٹرین ہے، اسے بھی بہتر طریقے سے نہیں چلایا جارہا۔ سکھر ایکسپریس کراچی سے بھی تاخیر سے نکلی۔ کینٹ اسٹیشن سے رات ساڑھے دس کا ٹائم ہے لیکن ایک بجے روانہ ہوئی، یہ اب معمول ہوگیا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید، ڈی ایس سکھر اور دیگر بالا حکام اس کا نوٹس لیں۔ ٹرین کی تاخیر کے ذمے داران کیخلاف کارروائی کرکے مسافروں کو سہولیات دی جائیں۔