سول اسپتال کو عوام کے لیے نا کھولنا حکومتی نااہلی ہے، فردوس شمیم

136

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پونے دو ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ضلعی سول اسپتال کو غریب عوام کے لیے نا کھولنا حکومت سندھ کی نااہلی ہے۔ جدید اسپتال ہونے کے باوجود غریب مریض علاج ومعالجے کی سہولیات سے محروم ہیں۔ وہ غوث اعظم سٹی میرپور خاص میں زیر تعمیر جدید ضلعی سول اسپتال کے معائنے کے دوران صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید اظہارالحسن قادری، رکن صوبائی اسمبلی دیوان سچل، ملک راجا عبدالحق، انصاف ویلفیئر ونگ کے ریجنل جنرل سیکرٹری ملک عبدالغفار اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی کرپشن کی وجہ سے غریب عوام کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ شہر کھنڈر کا نمونہ پیش کررہا ہے۔ میں سول اسپتال کو عوام کے لیے کھولنے اور شہر کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اسمبلی میں آواز اٹھائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے غریب عوام کے لیے روزگار، تعلیم اور صحت کے کئی پروگرام شروع کیے ہیں، جن سے عوام کو فائدہ ہورہا ہے۔