لاڑکانہ، کوچ ڈرائیور کی موبائل فون پر ویڈیو گیم کھیلنے کی ویڈیو وائرل

154

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں کوچ ڈرائیور کی جانب سے چلتی گاڑی میں موبائل فون پر ویڈیو گیم کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر موٹر وے پولیس کی جانب سے کوچ ڈرائیور کا لائسنس اور مذکورہ کوچ کا روٹ پرمٹ منسوخ کردیا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس لاڑکانہ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر تازہ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو جس میں ایک کوچ جو کہ لاڑکانہ سے کراچی کے لیے ایم نائن پر رواں دواں تھی تو ڈرائیور نے گاڑی چلانے کے دوران اپنے موبائل میں گیم کھیلنا شروع کردیا جس پر بالکل پیچھے کی سیٹ پر سوار ایک مسافر نے یہ منظر دیکھ کر اپنے موبائل سے ڈرائیور کی ایسی لاپروائی اور خطرناک عمل کو ریکارڈ کرلیا اور سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ایک منٹ 17 سیکنڈ کی اس ریکارڈنگ کے دوران مسافر کی ذمے داری بنتی تھی کہ وہ فوری طور پر موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرتا اور ڈرائیور کی ایسی غفلت کی اطلاع دیتا اور موقع پر ہی ایکشن ہوتا مگر اس مسافر نے بھی غفلت سے کام لیا جو کہ غلط ہے۔ مزید ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ ہم نے مذکورہ کوچ عبدالرحمن موور کمپنی، روٹ کراچی سے لاڑکانہ کے ڈرائیور بابر خان کا لائسنس اور مذکورہ کوچ کا روٹ پرمٹ بھی منسوخ کردیا ہے۔ مزید اس کیخلاف مقدمہ بھی دائر کروایا جائے گا۔